نیویارک 6جنوری (آئی این ایس انڈیا)امریکی چینل CBS News کے مطابق نیویارک میں متعدد ایئر ٹریفک کنٹرولرز نے پیر کے روز ایک دھمکی آمیز صوتی پیغام سنا۔ اس ریکارڈ شدہ پیغام میں کہا گیا ہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب کی القدس فورس کے مقتول کمانڈر قاسم سلیمانی کا انتقام لینے کے لیے امریکی کانگرس کی عمارت کو طیارے کے ذریعے نشانہ بنایا جائے گا۔ سلیمانی گذشتہ برس 3 جنوری کو بغداد میں ایک امریکی فضائی حملے میں مارا گیا تھا۔ ادھرFox News نے امریکی قومی سلامتی کے ایک ذمے دار کے حوالے سے بتایا ہے کہ "کانگرس کی عمارت کو نشانہ بنانے کی دھمکی ایک دھوکا ہو سکتا ہے"۔
اس صوتی پیغام میں جس کی ریکارڈنگ خصوصی طور پر CBS نیوز کو حاصل ہوئی ہے ،،، کہا گیا ہے کہ "سلیمانی کے انتقام کے سلسلے میں بدھ کے روز ایک طیارہ Capitol کی عمارت (کانگرس) کو نشانہ بنائے گا"۔
سی بی ایس نیوز چینل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ بات واضح نہیں کہ اس دھمکی کے پیچھے کون ہے۔ امریکی حکومت کے نزدیک یہ کسی حملے کے حوالے سے مصدقہ دھمکی نہیں ہے تاہم ایوی ایشن فریکوئنسیز کی خلاف ورزی شمار ہونے کے سبب اس واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ذرائع نے سی بی ایس نیوز کو بتایا کہ پینٹاگان اور دیگر ایجنسیوں کو منگل کے روز اس ڈیجیٹل آڈیو ریکارڈنگ کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا۔
ماہرین کے مطابق یہ ہیکنگ اس لحاظ سے باعث تشویش ہے کہ یہ ان ہدایات پر اثر انداز ہو سکتی ہے جو طیاروں کی کیفیت اور ان کی اڑان کی جگہ کے حوالے سے ہوابازوں کو حاصل ہوتی ہیں۔
امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے اس موضوع پر تبصرہ نہیں کیا تاہم اس نے بتایا کہ وہ تشدد سے متعلق تمام تر دھمکیوں کو سنجیدگی سے لے رہا ہے۔ ادھر ہوابازی کے وفاقی ادارے کا کہنا ہے کہ وہ داخلہ سیکورٹی کے ساتھ رابطے میں ہے۔
یہ دھمکی آمیز صوتی پیغام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایرانی پاسداران انقلاب کی القدس فورس کے کمانڈر اسماعیل قاآنی پہلے ہی امریکا کے اندر ذمے داران کو نشانہ بنانے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر ذمے داران کو قتل کرنے کی دھمکی دے چکے ہیں۔ ان ذمے داران میں وزیر خارجہ ، وزیر دفاع اور امریکی مرکزی انٹیلی جنس ایجنسی CIA کے سربراہ شامل ہیں۔
ایران اور امریکا کے بیچ کئی ہفتوں سے دھمکیوں کا تبادلہ جاری ہے۔ اس دوران ایرانی پاسداران انقلاب کی قیادت نے امریکا کے اہداف کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی جب کہ واشنگٹن کا کہنا ہے کہ وہ خطے میں ایران یا اس کی ملیشیاؤں کی کسی بھی نقل و حرکت کا بھرپور جواب دے گا۔